نجی پاکستانی کارگو ایئرلائن کے ٹو ایرویز اور چین کی سرکاری لاجسٹک کمپنی کے درمیان معاہدہ پر دستخط کی تقریب کراچی میں ہوئی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت اکرم اللہ دھاریجو تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چینی قونصلیٹ کے نمائندے بھی تقریب میں شریک تھے۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے پاکستان اور چین میں براہ راست ایئر کارگو سروس کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چائنا کے درمیان ایئر کارگو سروس سے دونوں ملکوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
اس موقع پر سی ای او کے ٹو ایئر ویز ، طارق راجہ کا کہنا تھا کہ کے ٹو ایئرویز پاکستان کی پہلی کارگو ایئر لائن ہے جس نے چین کیلئے کارگو سروس شروع کی ہے۔
کے ٹو ایئرویز کراچی سے براستہ لاہور چین کے شہر کاشغر کیلئے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرے گی۔ مستقبل میں کراچی لاہور اور اسلام آباد سے چین کے مزید شہروں کیلئے کارگو پروازیں چلائی جائیں گی۔
طارق راجہ کا کہنا تھا کہ کارگو پروازوں کے ذریعے پاکستان سے سی فوڈ ، پھل اور سبزیاں چین لے جائیں گے، جبکہ چین سے کمپیوٹر سے متعلق سامان پاکستان لائیں گے۔
چین کےنمائندہ کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی پاکستانی کارگو کمپنی چین کیلئے آپریٹ کرے گی۔
چینی نمائندے نے بتایا کہ وہ بہت عرصے سے کارگو کمپنی کے ٹو سے رابطے میں تھے اور بہت چیزیں مشترکہ طور آگے بڑھ رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔ یہ معاہدہ مستقبل میں کاشغر سے آگے بھی لے جائے گا۔


