کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین کو مبارک پور اور کلانچوالہ کے درمیان حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں ٹرین کی دو کوچز اور ڈائنگ کار ویل ٹرالی جام ہونے کی وجہ سے پٹری سے اتر گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق جائے وقوعہ پر ریلیف آپریشن جاری ہے، جبکہ متاثرہ مسافروں کو ڈائنگ کار سے اگلی کوچز میں منتقل کر کے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثے کی وجہ سے اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے، اپ ٹریک پر آنے والی گاڑیوں کو خان پور، لیاقت پور اور ڈیرہ نواب صاحب ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو احمد پور اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، راولپنڈی جانے والی تیز گام کو لیاقت پور اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔
کراچی ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو خانپور اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، ملتان جانے والی بہاالدین ایکسپریس کو رحیم یار خان اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔