کراچی میں جاری پانی کا بحران تو نہ ختم ہو سکا البتہ ، کرچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو گئی ہے۔
واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کے احکامات پر ظفر علی پلیجو، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ سپریٹنڈنڈنگ انجینئر ایسٹ اور ڈبلیو ٹی ایم ون، سید محمد اعجاز کو اضافی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر پرسونیل ، کے ڈبلیو اینڈ ایس سی، غضنفر علی خان کے دستخط سے جاری آرڈر کے مطابق سپریٹنڈنگ انجینئر ، عبدالغفار شیخ کو سید محمد اعجاز کی جگہ سپریٹنڈنگ انجینئر ڈسٹرکٹ اے تعینات کر دیا گیا ہے۔
واٹر بورڈ میں ایک اور بڑی تبدیلی بھی کی گئی ، جس کے تحت انچارج آفیسر ہائیڈرنٹ سروسز ٹینکر آپریشن، سردار علی شاہ سے بھی ذمہ داریاں واپس لے لی گئی ہیں اور ان کی جگہ محمد خالد فاروقی ، ایگزیکٹیو انجینئر واٹر لانڈھی ڈویژن کو اضافی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ عہدے سے ہٹائے گئے دونوں افسران کو ابھی کوئی نئی ذمہ داری نہیں دی گئی ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ افسران اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر سکیں گے اور کیا شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری آسکے گی۔