پاکستان نے بھارت کی جانب سے رات گئے 3 ایئر بیسز پر حملوں کے بعد نماز فجر کے وقت آپریشن بنیان مرصوص ( سیسہ پلائی ہوئی دیوار) کا آغاز کیا۔ آپریشن میں پاک فوج دشمن پر قہر بن کر ٹوٹی اور اسکی متعدد فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔
پاک فوج نے بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا۔ پاک فوج کے شاہینوں نے ادھم پور ، آدم پور ، بھٹنڈا ، سورت گڑھ میں ایئربیسز ور ایئر فیلڈز کو نیست ونابود کر دیا۔

پاک فوج نے اُڑی سیکٹر میں بھارت کے سپلائی ڈپو کو بھی اڑا کر رکھ دیا۔ پاک فوج نے حملے میں پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ ، سپلائی ڈپو اور اُڑی میں بھارت کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ کو بھی تباہ کر دیا۔ پاکستان کے شاہینوں نے جے ایف 17 تھنڈر سے بھارت کا ایس 400 میزائل دفاعی نظام بھی تباہ کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اذان فجر کے فوری بعد دشمن کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح میزائل فائر کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے، فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم 400 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بھارتی فوج نے بھی پاکستان کے حملے اور اس سے تباہی کا اعتراف کرلیا۔ بھارتی فوج کے مطابق پاکستان نے 26 مقامات پر فضائی حملے کیے۔ نئی دہلی میں ترجمان بھارتی فوج صوفیہ قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان نے پٹھانکوٹ، ادھم پور، بھوج اور آدم پورٹ میں واقع اسٹریٹجک ایئر بیسز پر میزائل حملے کیے ہیں، حملوں سے فوجی تنصیبات سمیت پنجاب کے ایئر بیس اسٹیشن کو نقصان پہنچا ہے۔

بھارت فوج کی ترجمان نے کہا کہ یہ ایک بے مثال اور مربوط حملہ تھا، ہم تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان نے ہماری 26 تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فرنٹ لائن ایئربیسز بھی شامل ہیں، ہم نے اس جارحیت کا نوٹس لیا ہے لیکن اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت تناؤ نہیں چاہتا۔

اس سے قبل دشمن کی فوج نے رات گئے پاکستان کی 3 ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کو پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے 3 ائیر بیسز کو میزائل سے نشانہ بنایا، بھارت انتظار کرے، جواب جلد آئے گا۔
رات گئے پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل محفوظ ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے طیاروں کے ذریعے فضا سے زمین پر میزائل داغے ہیں، بھار ت نے نورخان ایئر بیس، مرید بیس ،شورکوٹ بیس کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت اپنی ننگی جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت نے افغانستان میں بھی میزائل داغے ہیں اور ڈرونز کا حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پاگل پن کے ذریعے خطے کو خطرناک جنگ کی طرف دکھیل رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح الفاظ میں دشمن سے کہا کہ ہم تمہاری طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب انتظار کرے، ہمارا جواب جلد آئے گا۔


