ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی کراچی دوحہ پرواز کیو آر-605 صبح 3 بجکر 50 منٹ پر روانہ ہونا تھی، تاہم کئی گھنٹے کی تاخیر کے بعد پرواز منسوخ کر دی گئی۔ مسافروں کو ڈھائی گھنٹہ تک طیارے میں بٹھانے کے بعد اتار کر واپس لاونچ میں بھیج دیا گیا۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق کراچی قطر ایئر ویز کا طیارہ ٹیکسی کے دوران فنی خرابی کا شکار ہوا، طیارے میں 325 مسافر سوار تھے۔
طیارے میں سوارمسافروں نے پرواز میں غیر معمولی تاخیر پرجناح ٹرمینل پر شدید احتجاج کیا، مسافروں کا کہنا تھا کہ قطر ایئرویز کا عملہ پرواز کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دے رہا۔ قطر ایئرویز کے کاونٹر پر عملہ بھی موجود نہیں ہے۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ رات ایک بجے سے ایئرپورٹ پر موجود ہیں قطر ایئرویز نے ناشتہ اور پانی تک نہیں دیا ہے۔ قطر ایئرویز کے مسافروں نے دیگر پروازوں کے مسافروں کو بھی طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا۔
مسافروں کا مطالبہ تھا کہ پہلے ہماری پرواز کے بارے میں معلومات دی جائے۔ مسافروں کے شدید احتجاج کے بعد ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس ( اے ایس ایف) عملے کو طلب کر لیا گیا۔
بورڈنگ سے روکنے پر مختلف پروازوں کے مسافروں کی آپس میں ہاتھا پائی ہوئی، سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی مسافروں سے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی۔
ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کی ویڈیو بنانے والے بعض مسافروں سے سیکیورٹی اہلکاروں نے موبائل فون چھین لئے۔ ذرائع کے مطابق کئی مسافروں کی دوحہ سے آگے کنکٹنگ فلائٹ تھی۔ گھنٹوں کی تاخیر کی وجہ سے اکثر مسافروں کی اگلی پرواز بھی نکل گئی۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق کئی گھنٹے تاخیر اور انتظار کے بعد قطر ایئرویز نے دوحہ پرواز کیو آر- 605 منسوخ کر دی۔ دوسری جانب ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے منسوخ ہونے والی آج کی پرواز کے مسافروں کو اگلی پرواز سے بھیجا جائے گا۔
پرواز منسوخ کرنے کے باوجود مسافروں کو ہوٹل نہیں بھیجا گیا۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں میں گنجائش نہیں ہے۔ ایئرلائن کے عملے نے مسافروں کو گھر جانے کا کہہ دیا۔ جس کی وجہ سے بیرون شہر سے آنے والے شدید پریشانی کا شکار ہوئے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پرواز منسوخ ہونے پر ایئرلائن مسافروں کو ہوٹل دینے کی پابند ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی قطر ایئرویز کو مسافروں کو ہوٹل بھیجنے کا کہے۔ پرواز منسوخ کر دی گئی لیکن اگلی پرواز کا نہیں بتایا جارہا۔


