پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل ) کے افسران پر مشتمل مشترکہ بورڈ آف آفیسرز نے پارا چنار ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور تجارتی اور امدادی پروازوں کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا۔
پی اے اے اور پی آئی اے سی ایل افسران نے دورہ وزارت دفاع کی ہدایات پر کیا۔ آٹھ رکنی کمیٹی میں چھ افسران پی ای اے اے سے اور دو پی آئی اے سی ایل کے شامل ہیں۔

ٹیم کی قیادت یونس لقمان قاضی، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز (آئی آئی اے پی) نے کی، جبکہ دیگر ارکان میں محسن احمد غوری، ڈپٹی اے پی ایم (بی کے آئی اے پی ) اور انجینئر شاہ جہاں، سینئر جے ٹی او سی این ایس (بی کے آئی اے پی) شامل تھے۔
دورے کے دوران ٹیم نے ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، نیویگیشنل ایڈز، اور آپریشنل صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فزیبیلٹی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، جس کی بنیاد پر ایئرپورٹ کی بحالی سے متعلق مستقبل کے فیصلے کیے جائیں گے۔