کراچی سے لاہور جانے والی قومی ایئر لائن کا ایئر بس طیارے کی پرواز پی کے -309 بغیر پہیے کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ واقعہ کل رات کو پیش آیا۔
طیارے کے نوز وہیل یعنی اگلے پہیوں میں سے لینڈنگ کے وقت ایک ٹائر غائب تھا۔ امکان ہے کہ طیارے کا پہیہ دوران پرواز کہیں گر گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لینڈنگ کے بعد معائنے کے دوران ایک ٹائر غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔

ایئر لائن ذرائع کے مطابق طیارے کی روانگی کے بعد کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر طیارے کے کچھ پرزے گرے ہوئے ملے۔ طیارے کے غائب ہونے والا پورا مین وہیل ابھی تک نہیں مل سکا ہے۔
واضح رہے کہ پرواز پی کے 306 کل رات 8 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہوئی تھی۔ واقعہ میں پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی بھی بڑی کوتاہی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر پرواز کی روانگی کے بعد رن وے کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اگر پی کے 306 کی اڑان کے بعد رن وے کا درست جائزہ لے لیا جاتا وہ واقعہ کا بروقت پتا چل جاتا اور طیارے کو فوری واپس کراچی میں ہی لینڈ کرا لیا جاتا۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے بھی گزشتہ رات کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 کے لاہور لینڈنگ کے بعد اس کا ایک پہیہ کم ہونے کی تصدیق کی ہے۔

فضائی ضوابط کے مطابق پی آئی اے فلائیٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ اور سول ایوایشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھیں۔
حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ سامنے آئے گی مگر ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ طور پر کسی بیرونی چیز کے ٹکرانے کے باعث پہیہ خراب ہوا ۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق جہاز نے لاہور بحفاظت اور انتہائی ہموار لینڈنگ کی، جہاز کے ڈیزائن میں اس عمل کیلئے گنجائش رکھی جاتی ہے۔


