معذور اور جسمانی امرض میں مبتلا افراد کے لیے غیر سرکاری تنظیم ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ (ایچ ایچ آر ڈی ) کا بڑا اقدام، 100 کروڑ روپے سے انسٹی ٹیوٹ آف نیورولوجیکل ڈیزیز اینڈ ری ہیبلیٹیشن (کے آئی این ڈی آر ) قائم کر دیا۔ اہم منصوبہ آئندہ دو ماہ میں مکمل ہونے کے بعد خدمات شروع کر دے گا۔
ہیلپنگ ہینڈز کے مطابق کراچی میں اسکیم 33 کوئٹہ ٹاون، ایم نائن موٹر وے پر قائم ایچ ایچ آر ڈی پہلے مرحلہ میں ممکنہ طور پر اپریل میں کام شروع کر دے گا۔ اسپتال میں 9 او پی ڈی کلینکس اور ایکسرے، الٹراساونڈ، نیوروسائیکلوجی لیب اور فارمیسی کی سہولیات میسر ہوں گی۔
ممکنہ طور پر 600 سے 1000 مریضوں کو روزانہ کی بنیاد پر علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ 9 خصوصی کلینکس میں بیرونی مریضوں کو نیورولوجی، نیورو سرجری، آرتھوپیڈکس، پیڈیا ٹرکس، سائیکاٹری، اینڈو کرائنولوجی، ای این ٹی، جنرل میڈیسن اور کارڈیالوجی کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
بحالی کی جدید سہولیات جن میں فزیوتھراپی، اوکیوپیشنل تھراپی، اسپیچ تھراپی، کارڈیو تھراپی، اور سائیکو تھراپی کی سہولیات بھی مریضوں کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اسپتال آرتھوٹکس اور روبوٹکس لیب سے بھی لیس ہوگا۔
ہیلپنگ ہینڈز کے مطباق جدید ترین اسپتال کے آئی این ڈی آر میں نیورو بحالی کے ماہرین جن میں معروف نیورولوجسٹ، نیورو سرجن، فزیو تھراپسٹ، پیشہ ورانہ معالج، اور بحالی کے ماہرین مریضوں کے علاج کے لیے ہر وقت دستیاب ہوں گے۔