قومی ایئر لائن پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کا اجلاس چیئرمین، طارق باجوہ کی زیر صدارت راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تمام شئیرز ہولڈرز کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی کارکردگی شیئر ہولڈرز کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ ممبران کے لیے اجلاس میں شرکت کے لیے 50 ہزار روپے فی اجلاس فیس مقرر کرنے کی منظوری لی جائے گی۔
ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ ارکان کے لیے مفت ہوائی ٹکٹ، اندرون و بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت اجلاس سے لی جائے گی۔ بورڈ ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے رہائش کے لیے 20 ہزار روپے دینے کی سفارش بھی کی جائے گی۔
ذرئاع کے مطابق مفت ٹیلی فون سہولت، بورڈ ارکان اور فیملیز کے لیے مفت ہوائی سفر کی بھی منظوری کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کے نئے پلان کے حوالے سے بھی شیئر ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 17 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن تاحال نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے کوئی اضافہ بھی نہیں ہوسکا ہے۔