امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اخوند نےکابل میں عزیزي گروپ کے زیر اہتمام متعدد بڑے فلاحی اور تجارتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔
ملا عبدالغنی برادر اخوند نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان سے مثبت روابط استوار کرے کیونکہ اقتصادی اور سیاسی دباؤ کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کے تحت باہمی تعلقات اور تعاون کے لیے بہتر راستے اپنانے چاہییں۔
ملا برادر نے منصوبوں کو ملک کی نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا، جس کے ذریعے افغان عوام کو نئے روزگار کے مواقع ملیں گے اور بنیادی خدمات تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے افغانستان کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملا عبدالغنی برادر نے کا کہنا تھا کہ افغانستان دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات کو وسعت دے رہا ہے اور مستقبل میں مزید مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ کی اولین ترجیح اسلامی قوانین کا نفاذ، ملک کی تعمیر و ترقی، اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

افغانستان میں عزیزي گروپ کے تحت شروع کیے گئے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں 400 بستروں کا کینسر اسپتال، 200 بستروں کا زچہ و بچہ اسپتال، معیاری تعلیمی ادارے، بشمول نرسنگ انسٹی ٹیوٹ اور میڈیکل یونیورسٹی اور 200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔