امارت اسلامیہ افغانستان کے سپریم لیڈر مولوی ھیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا ہے کہ ملک کو ماضی میں دو بار بیرونی طاقتوں نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، لیکن افغانوں کے عزم اور دینی حمیت نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
افغان سپریم لیڈر نے گزشتہ روز قندھار یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں کے، پروفیسرز، اساتذہ، طلبا اور انتظامی عملے سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر مغربی طاقتوں کی غیر قانونی پابندیوں اور افغانستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا۔ اسی وجہ سے اس کی تجارت اور معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے افغان عوام کو تلقین کی کہ وہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں اور کسی اور پر انحصار نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے ملک میں امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں ابھی سے محنت کرنی ہوگی۔