کرا چی کے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر عالمی معیار کا جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس اور فائر اسٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ پروجیکٹ کی سربراہی میں اہم اجلاس ہیڈ کوارٹر میں ہوا جس میں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
پی اے اے ذرائع کے مطابق جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو مکمل حد نگاہ فراہم کرے گا۔ منصوبہ پر تقریباً 47 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔
نئے کنٹرول ٹاور کمپلیلکس میں ایریا ریڈار سینٹر کو بھی منتقل کیا جائے گا۔ اس میں ریڈار ڈسپلے ایریا بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ نئے اے ٹی سی کمپلیکس میں شعبہ فائر کے دفاتر اور فائر اسٹیشن بھی منتقل ہو گا۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کا موجودہ کنٹرول ٹاور بہت زیادہ پرانا ہے اور اس کی بلندی کم ہے۔ نیا ٹاور مقام اور اونچائی کے لحاظ سے بین الاقوامی معیار اور ہوابازی کے جدید تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پرواز 8303 کے حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں بھی کراچی ایئرپورٹ پر نئے کنٹرول ٹاور کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔