فیڈریل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے) نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کر نےکا دعویٰ کیا ہے۔
ایف آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ زبیر مہر نامی انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گجرات سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم مبینہ طور پر لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے، اور اس کے خلاف 2023 میں کمپوزٹ سرکل گجرات میں 8 مقدمات درج ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا نام ریڈ بک کی انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل ہے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔ ملزم زبیر مہر نے لیبیا کشتی حادثے کے 8 متاثرین سے مبینہ طور پر فی کس 24 لاکھ روپے لیے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے مجموعی طور پر متاثرین سے 1 کروڑ 92 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزم نے مبینہ طور پر 8 متاثرین کو لیبیا بھجوایا اور متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھ کر تشدد کیا۔
ملزم نے متاثرین کو مبینہ طور پر کشتی کے ذریعے لیبیا سے یورپ بھجوانے کی کوشش کی جو حادثے کا شکار ہوئی، واضح رہے کہ کشتی حادثے میں تمام متاثرین جاں بحق ہو گئے تھے۔