افغانستان کے قائم مقام وزیر برائے پبلک ورکس، ملا محمد عیسیٰ ثانی نے کابل میں چین کے سفیر ژاؤ زنگ سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور راہداری تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں کی ملاقات میں واخان کوریڈور پر بھی بات چیت کی گئی جو کہ دونوں ممالک کو ملانے والا اہم تجارتی راستہ ہے۔ افغان وزیر نے چینی سفیر کو بتایا کہ وزارت نے راہداری کا سروے مکمل کر لیا ہے اب ڈیزائن کا کام جاری ہے۔
دونوں رہنماوں نے وسطی ایشیا کو افغانستان کے ذریعہ ایشیا سے جوڑنے کے منصوبے افغان ٹرانزٹ پروجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملا محمد عیسی ثانی کا کہنا تھا کہ علاقائی تجارت اور رابطے بڑھانے کے لیے اس منصوبے کو شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، تجارت بڑھانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔