افغانستان کی وزارتِ قومی دفاع نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبضے میں لیے گئے متعدد ہیلی کاپٹر واپس کرے۔
یہ مطالبہ ازبکستان کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اس نے سات امریکی ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر امریکی فوج کو منتقل کر دیے تھے۔
افغان حکام نے سات ہیلی کاپٹر امریکا منتقل کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا جو گزشتہ سال اقتدار کی منتقلی کے دوران ازبکستان منتقل کیے گئے تھے۔
امارت اسلامیہ کی وزارت دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ہیلی کاپٹر اس وقت لیے گئے جب سابق افغان انتظامیہ کے اہلکار بھاگ گئے تھے۔ وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ان ہییلی کاپٹرز کا صحیح مقام افغانستان ہے۔
افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان طیاروں کی امریکا منتقلی ناقابل قبول ہے، کیونکہ افغان عوام کو اپنے ملک کے دفاع کا حق حاصل ہے اور انہیں اپنے فوجی وسائل تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے ہیلی کاپٹروں کی واپسی میں سہولت فراہم کرے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ افغان عوام کے حقوق کا احترام پڑوسی ممالک اور بین الاقوامی پارٹنرز کی ترجیح ہونی چاہیے۔