کراچی میں پریڈی پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل کی موٹرسائیکل سے ٹکرانے کے جرم میں بند شہری وقاص الدین ولد ریاض الدین لاک اپ میں اچانک جاں بحق ہوگیا۔
پریڈی پولیس کے مطابق گزشتہ رات تھانے کے کانسٹیبل کی مدعیت میں دفعہ 147/148 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
رات ڈیڑھ بجے اچانک وقاص کی طبیعت بگڑنے پر اے ایس آئی شاہد نے اسے سول اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق مجسٹریٹ کی نگرانی میں دفعہ 176 کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔
متوفی وقاص کے لواحقین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وقاص کو پریڈی تھانے کے کانسٹیبل اسامہ کی بائیک سے ٹکرانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
متوفی کے لواحقین نے الزام عائد کیا کہ وقاص تھانے میں پولیس تشدد کی وجہ سے ہلاک ہوا ۔
لواحقین کے مطابق پولیس نے وقاص کے خلاف رات کو بائیک سے ٹکرانے اور اشیا گم ہونے کی ایف آئی آر درج کی اور صبح اطلاع دی کہ وقاص کا انتقال ہو گیا ہے۔
لواحقین نے مطالبہ کیا کہ وقاص سے جھگڑا کرنے اور مقدمہ درج کروانے والے پولیس اہلکار کانسٹیبل اسامہ کو گرفتار کیا جائے۔
دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے جاں بحق شہری پر تشدد کے الزامات کی تردید کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص کی ہلاکت کس وجہ سے ہوئی اس بات کا فیصلہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ہوگا۔