تعمیراتی شعبہ کی بحالی کے لیے وزیراعظم کی ٹاسک فورس نے تجاویز کوحتمی شکل دے دی ہے۔ وزارت ہاؤسنگ نے ریلیف کی تجاویز ایف بی آر کے حوالے کردیں۔ جس کے مطابق نان فائلر ایک کروڑ مالیت کی جائیداد خرید سکے گا۔
جائیداد کی فروخت پر ٹیکس کی شرح 3 فیصد سے کم کرکے 1.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پراپرٹی کی فروخت پر ٹیکس 4 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کرنے اور پراپرٹی خریدنے پر عائد ٹیکس 3 سے کم کرکے 0.5 فیصد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تعمیرات سے 70 دیگر صنعتیں جڑی ہوتی ہیں جو تعمیرات کے شعبے میں شدید مندی کے باعث مندی کا شکار تھیں۔جس کے باعث ملک کا جی ڈی پی بھی متاثر ہو رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پراپرٹی کی لین دین میں مجموعی طور پر اس وقت 11 سے 14فیصد ٹیکس عائد ہیں۔
مجوزہ پیکیج میں فائلرز کے لیے 5 کروڑ کی پراپرٹی کو ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شامل کرنے کی سہولت کی تجویز دی گئی ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی کی خریداری میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی اور نادرا سے آن لائن رجسٹرڈ ہونے کی سہولت دی جائے گی۔