افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو دھماکے میں افغان وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کی موت کی تصدیق ان کے بھتیجے انس حقانی نے کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کو وزارت مہاجرین کے دفتر میں خود کش حملے میں نشانہ بنایا گیا، حملے میں ان کے چار ساتھی بھی جاں بحق ہوئے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کا ذمہ دار ملک میں موجود انتہا پسند تنظیم آئی ایس آئی ایس کو قرار دیا۔ خبر رساں ادارے نے افغان وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ خود کش حملہ آور مہمان کے روپ میں آیا تھا اورخود کو معذور ظاہر کیا۔
خود کش حملہ آور نے خلیل الرحمان حقانی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ نماز پڑھنے کے لیے اپنے دفتر سے نکلے۔
خلیل الرحمان حقانی طالبان حکومت میں2021 میں وزیر برائے مہاجرین کے عہدے پر فائز ہوئے۔ وہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے۔